23 نومبر، 2026، 3:58 PM

ایران دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگا، بقائی

ایران دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگا، بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی سات شرائط کوئی غیر معمولی مطالبات نہیں بلکہ ایرانی عوام کے حقوق ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں اپنی رکنیت جاری رکھنے پر نظرثانی کی بحث قابل احترام ہے اور اس پر غور کیا جانا چاہیے، تاہم ایران اب تک اس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتا رہا ہے۔

ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بقائی نے کہا کہ ایران 1970ء سے این پی ٹی کا رکن ہے اور اس نے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ہمیشہ سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایران نے 1974ء میں مشرق وسطی کو جوہری ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ انقلاب اسلامی کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو حرام قرار دینے کا فتویٰ دیا۔

انہوں نے کہا کہ این پی ٹی کا ایک مثبت پہلو جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور تیاری کی روک تھام ہے، جبکہ اس معاہدے میں ایران کی رکنیت کا ایک مقصد پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کے حق سے فائدہ اٹھانا بھی ہے۔

انہوں نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عملاً اس معاہدے کی حیثیت اور افادیت ختم کر دی ہے۔ اس معاہدے کے رکن ممالک کو دوسری ریاستوں کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے کہ وہ جوہری ہتھیار کیوں رکھتے ہیں۔

این پی ٹی میں ایران کی رکنیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ بحث موجود ہے کہ ایران کو اس معاہدے میں اپنی شرکت جاری کیوں رکھنی چاہیے، تاہم اب تک ایران نے اس معاہدے سے متعلق اپنی ذمہ داریوں سے انحراف کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے اس بیان کے حوالے سے کہ آبنائے ہرمز کو دو گھنٹوں کے اندر دوبارہ کھولا جاسکتا ہے، بقائی نے کہا کہ اس بیان کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ ایران اپنے حقوق کے معاملے میں سنجیدہ ہے اور ان سے دستبردار نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ ایران کی طے کردہ شرائط پوری کر دے تو آبنائے ہرمز کو عارضی طور پر کھولنا ممکن ہے۔ اس بیان سے ایران یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ وہ اپنے مطالبات اور ایرانی عوام کے حقوق سے بخوبی آگاہ ہے۔

بقائی نے مزید کہا کہ ایران کی سات شرائط کوئی غیر معمولی مطالبات نہیں بلکہ ایرانی عوام کے حقوق ہیں۔ انہیں پیشگی شرائط کے بجائے ایرانی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کا حصہ سمجھا جانا چاہیے۔

News ID 1943074

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha