مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، افغان طالبان رہنما انس حقانی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکہ اور نیٹو کی 20 سالہ فوجی موجودگی کے دوران تقریباً 10 لاکھ افغان شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
حقانی نے کہا کہ اس جنگ میں بڑی تعداد میں افغان اور امریکی شہری ہلاک ہوئے۔ ان کے بقول، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر شروع ہونے والی اس لڑائی میں افغانستان کے تقریباً 10 لاکھ بے گناہ افراد مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کے امریکی صدر جارج بش نے افغانستان پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں افغان اور امریکی شہری ہلاک ہوئے، لیکن اس جنگ سے آخر کیا حاصل ہوا؟
افغانستان کے وزیر داخلہ کے چھوٹے بھائی انس حقانی نے مزید کہا کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے آج بھی عام لوگوں کو دہشت گرد قرار دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان عوام ہمیشہ ایسی سیاسی تشہیر اور تقاریر کے منفی اثرات کا شکار رہے ہیں جن میں ایک فریق کو برا اور دوسرے کو اچھا بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔
طالبان رہنما نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغانستان تمام ممالک کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام جنگوں سے بری طرح تھک چکے ہیں اور اب مزید جنگ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔
افغان میڈیا کے مطابق، یہ پہلا موقع ہے کہ افغانستان کی موجودہ حکومت کے کسی باضابطہ ترجمان نے امریکہ اور نیٹو کے ساتھ 20 سالہ مسلح تصادم میں افغان جانب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں اس قدر بڑا عدد پیش کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ