21 نومبر، 2026، 11:44 PM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

جنوب مشرقی علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیاں، سیکورٹی کو لاحق خطرات میں اضافہ

جنوب مشرقی علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیاں، سیکورٹی کو لاحق خطرات میں اضافہ

سیستان و بلوچستان میں جیش العدل جیسے دہشت گرد گروہوں کی تخریب کاریوں کی وجہ سے صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ  سیکورٹی کو بھی لاحق خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، صوبائی ڈیسک: 2026 کے دوران سیستان و بلوچستان میں مسلح گروہوں کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ مختلف علاقوں میں مسلح کارروائیوں اور جھڑپوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان گروہوں کے درمیان اتحاد اور مشترکہ محاذ بنانے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔ بعض گروہوں نے باہمی اختلافات پسِ پشت ڈال کر ایک دوسرے کے قریب آنے اور اپنی عملیاتی صلاحیت بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ اس صورت حال میں مسلح کارروائیوں کا دائرہ، ان گروہوں کے باہمی تعلقات اور ان کی مشترکہ حکمت عملی خاص اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

دوسری جانب امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران پیدا ہونے والی صورت حال بھی ان گروہوں کے لیے اہم رہی ہے۔ جنگ کے باعث ملک کی توجہ مختلف محاذوں پر مرکوز ہونے اور داخلی حالات سے فائدہ اٹھانے کے امکانات نے ان کی حکمت عملی میں ایک نیا پہلو شامل کیا ہے۔ ایسے حالات میں مسلح گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ، ان کے درمیان اتحاد کی کوششیں اور مشترکہ کارروائیوں کا امکان جنوب مشرقی ایران میں جاری حالات کو سمجھنے کے لیے اہم موضوعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق، 2026 کے دوران مسلح گروہوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تقریباً 70 جھڑپیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جو گزشتہ کم از کم ایک دہائی کے دوران بلند ترین سطح ہے۔ ماضی میں ان گروہوں کی کارروائیاں زیادہ تر ٹارگٹ کلنگ اور پولیس کے گشتی دستوں پر حملوں تک محدود تھیں، لیکن اب ان کی سرگرمیوں میں سڑکوں پر گھات لگا کر حملے کرنے اور فوجی مراکز کو نشانہ بنانے جیسی کارروائیاں بھی شامل ہوگئی ہیں۔ اس تبدیلی کے باعث ان کے حملوں کی نوعیت اور طریقۂ کار میں بھی فرق آیا ہے اور اب وہ نسبتاً بڑے اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد سکیورٹی اداروں پر دباؤ بڑھانے اور مختلف علاقوں میں اپنی عملیاتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی صلاحیت برقرار رکھنا ہے۔

اسی سلسلے میں دسمبر 2025ء  میں ’’جبهه مبارزین مردمی‘‘ کے نام سے ایک اتحاد تشکیل دیا گیا، جس میں جیش العدل، حرکت نصر بلوچستان اور پادا بلوچ شامل ہیں۔ ان گروہوں کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے سے ان کے درمیان رابطہ کاری اور مشترکہ کارروائیوں کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ تاہم اس اتحاد کی حقیقی قوت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ اس کے رکن گروہ اپنی کمانڈ، تنظیمی ڈھانچے اور عملیاتی حکمت عملی میں کس حد تک ہم آہنگی پیدا کر پاتے ہیں۔

جنگ اور داخلی بدامنی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش

ایران کے خلاف امریکہ اور صہیونی حکومت کی جنگ کے دوران سرحدی علاقوں میں مسلح گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ایسے وقت میں جب ملک کی دفاعی قوت کا بڑا حصہ بیرونی حملوں کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہو، سرحدی علاقوں میں مسلح کارروائیوں سے سکیورٹی اداروں کے لیے ایک اضافی محاذ کھل سکتا ہے۔ اس طرح ایران کو بیرونی حملوں کے ساتھ ساتھ داخلی محاذ پر بھی مسلح گروہوں کا مقابلہ کرنا پڑے گا، جس سے دفاعی اداروں پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔

دفاعی وسائل کو مختلف محاذوں پر تقسیم کرنے، داخلی سکیورٹی کے اخراجات بڑھانے اور جنگ کے بعد تعمیر نو و استحکام کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے سے ایران کے مخالفین کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اسی تناظر میں یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ امریکہ اور اسرائیل جنوب مشرقی ایران میں سرگرم مسلح گروہوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں ایران کے خلاف اپنی حکمت عملی کا حصہ بنا سکتے ہیں۔

سرحدی نیٹ ورکس اور علاقائی سکیورٹی

سیستان و بلوچستان کی جغرافیائی حیثیت، دشوار گزار سرحدی علاقوں اور اسمگلنگ کے راستوں کے باعث مسلح گروہوں کو سرحدی علاقوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔ ان حالات میں ان گروہوں کا مقابلہ صرف ان کے ٹھکانوں اور عملیاتی مراکز تک محدود نہیں رکھا جاسکتا، بلکہ ان کے معاون نیٹ ورکس، اسلحے کی ترسیل کے راستوں اور مالی وسائل کو بھی نشانہ بنانا ضروری ہے۔ جب تک ان گروہوں کو ملنے والی مدد اور رسد کے ذرائع بند نہیں ہوں گے، ان کی کارروائیوں کو روکنا مشکل رہے گا۔

اس مقصد کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی تعاون کو فروغ دینا، مسلح گروہوں کے معاون نیٹ ورکس کا سراغ لگانااور انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ضروری ہے۔ افغانستان کی سرحدی صورتحال مشرقی ایران کے لیے اہم ہے۔ بعض علاقوں میں حکومتی کنٹرول کی کمزوری کے باعث اسمگلنگ نیٹ ورکس اور انتہا پسند گروہوں کو سرگرمیاں جاری رکھنے کے مواقع مل سکتے ہیں، جس کے اثرات سرحدی علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں طالبان حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام علاقوں کو مسلح گروہوں کی پناہ گاہ یا ان کی سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر استعمال نہ ہونے دے۔

مسلح گروہوں کی سرگرمیاں؛ سیستان و بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ

سیستان و بلوچستان کی اہمیت صرف مسلح گروہوں کی سرگرمیوں اور سرحدی حالات تک محدود نہیں بلکہ اس کا براہ راست تعلق مکران کے ساحل اور چابہار بندرگاہ کی جغرافیائی و اقتصادی حیثیت سے بھی ہے۔ بحر ہند تک رسائی، علاقائی تجارت اور بین الاقوامی تجارتی راستوں کے حوالے سے چابہار ایران کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس علاقے میں امن و استحکام نہ صرف مقامی آبادی بلکہ ایران کے اقتصادی اور تجارتی مفادات کے لیے بھی ضروری ہے۔

چابہار اور اس کے گردونواح میں بدامنی کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہوسکتا ہے، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر آسکتی ہے اور تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ سامان کی نقل و حمل کے اخراجات بھی بڑھ سکتے ہیں۔ اس طرح علاقے کی جغرافیائی اور اقتصادی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانا مشکل ہوجائے گا۔ خصوصاً ایسے وقت میں جب چابہار کو علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ کے ایک اہم مرکز کے طور پر ترقی دینے کی کوششیں جاری ہیں، یہاں امن و امان برقرار رکھنا مزید ضروری ہوجاتا ہے۔

مجموعی طور پر ’’جبهه مبارزین مردمی‘‘ کی تشکیل اور اس کے تحت مختلف مسلح گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافے سے جنوب مشرقی ایران میں حالات مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب بیرونی قوتوں کی جانب سے ان گروہوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوشش بھی ایک اہم پہلو ہے۔ ایسے میں ایران کے لیے ضروری ہے کہ وہ سکیورٹی اقدامات کے ساتھ علاقائی تعاون اور سفارت کاری کو فروغ دے تاکہ اس علاقے کو ایران کے خلاف بیرونی دباؤ اور سازشوں کا مرکز بنانے کی کوششیں ناکام بنائی جاسکیں۔

News ID 1943023

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha