مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے ملک کے جنوبی علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بندرعباس، کوہستک، ساحلی پٹی، سیریک اور جاسک میں فوجی یونٹوں کے کمانڈروں، حکام اور اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں اور تبادلۂ خیال کیا۔
ان ملاقاتوں کے موقع پر فوج کے ترجمان نے مسلح افواج کے اہلکاروں کی سمندری حالات پر مکمل نظر رکھنے کی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کے مشرق سے مغرب تک کا پورا علاقہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی نگرانی اور کنٹرول میں ہے۔ خطے کے سمندری پانیوں پر مسلح افواج کا تسلط، ان کی عملیاتی تیاری اور سمندری نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھنے کی صلاحیت پوری طرح نمایاں ہے۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمینیا نے بیرونی طاقتوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی تاریخی مزاحمت کا ذکر کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں سے خطاب میں کہا کہ آج آپ ایک ایسی طاقت کے مقابلے میں کھڑے ہیں جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت سمجھتی ہے۔ ایسے دشمن کے مقابلے میں ایرانی جنگجوؤں کی ثابت قدمی اور مزاحمت قومی اور دینی سطح پر ایک عظیم اور ناقابلِ فراموش اعزاز ہے۔ آپ کی عملیاتی مورچوں پر جدوجہد نے دشمن کے مقاصد کی تکمیل میں رکاوٹ پیدا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحری فوج کے اہلکار انتہائی بلند حوصلے، غیر معمولی جذبے اور دستیاب وسائل و سازوسامان کے ذریعے شب و روز اس علاقے کی نگرانی کر رہے ہیں اور اسے اپنے تزویراتی کنٹرول میں رکھے ہوئے ہیں۔ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے سے شمالی بحرِ ہند تک کا علاقہ ایرانی بحریہ کے تزویراتی کنٹرول میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں فوجی دستوں کی جنگی تیاری اور بلند حوصلے دیکھ کر بہت اطمینان اور امید پیدا ہوئی ہے۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمینیا نے مسلط کردہ جنگ کے حوالے سے دشمن کے مقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اس جنگ میں کئی مقاصد حاصل کرنا چاہتے تھے، جن میں ایران کی جوہری اور میزائل صلاحیتوں کو کمزور کرنا، محاذِ مزاحمت کو تباہ کرنا، سیاسی ڈھانچے میں تبدیلی لانا، ملک کو جغرافیائی طور پر تقسیم کرنا اور ایرانی شناخت و تہذیب کو کمزور کرنا شامل تھا۔
انہوں نے جدید جنگوں میں کامیابی اور ناکامی کے معیار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے ترجمان نے دشمن کے مقابلے اور ملک کے دفاع کے لیے مسلح افواج کی مکمل تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ایرانی فوج کے اہلکاروں کا جذبہ، خود اعتمادی اور جنگی آمادگی بلند ترین سطح پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی ساحلوں پر تعینات اہلکاروں کی جدوجہد، جذبے اور آمادگی نے دشمن کو ساحلی علاقوں سے سیکڑوں کلومیٹر پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ماضی کے مقابلے میں سخت اور نرم دونوں شعبوں میں کہیں زیادہ مضبوط ہو چکے ہیں۔ ایرانی قوم کے فرزند پوری قوت کے ساتھ آبنائے ہرمز میں ایرانی قوم کے جائز حقوق کا دفاع کر رہے ہیں اور دشمن کی حتمی شکست تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمینیا نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کو یہ تصور نہیں کرنا چاہیے کہ وہ جب چاہے جنگ شروع کر سکتا ہے اور جب چاہے اپنی مرضی سے اسے روک سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی نئی جارحیت کا سامنا مسلح افواج کے بھرپور، فوری اور مؤثر جواب سے ہوگا۔ ملک کا دفاع کسی مخصوص جغرافیائی حدود تک محدود نہیں رہے گا۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے مسلح افواج کے لیے عوام کی حمایت اور قدردانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام آپ کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں اور فوجی اہلکاروں سے محبت کرتے ہیں۔ ملک کے دفاع کی اگلی صفوں میں آپ کی موجودگی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ عوام اپنے مسلح افواج کے فرزندوں پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور ان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ