21 نومبر، 2026، 4:20 PM

جنگ کے باوجود ایرانی طلباء نے 24 طلائی تمغے جیت کر نیا ریکارڈ قائم کردیا، ایرانی وزیر تعلیم

جنگ کے باوجود ایرانی طلباء نے 24 طلائی تمغے جیت کر نیا ریکارڈ قائم کردیا، ایرانی وزیر تعلیم

ایرانی وزیر تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی طلباء نے جنگ کے باوجود مختلف سائنسی شعبوں میں 24 طلائی تمغے حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر تعلیم علیرضا کاظمی نے کہا کہ ایران نے ایک شدید اور وحشیانہ جنگ اور پیچیدہ سازش کا سامنا کیا، لیکن اس کے باوجود ایرانی طلبہ نے مختلف علمی و سائنسی شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 24 طلائی تمغے حاصل کیے۔

انہوں نے ممتاز نوجوان محققین کی شناخت، تربیت اور سرپرستی کے لیے کام کرنے والے ادارے ’’کانون دانش‌پژوہان نخبه‘‘ کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی فلکیات اولمپیاڈ میں چھ مکمل طلائی تمغے حاصل کرنا اور پہلی مرتبہ مصنوعی ذہانت کے اولمپیاڈ میں طلائی تمغہ جیتنا بھی ایرانی طلبہ کے اہم اعزازات میں شامل ہے۔ یہ کامیابیاں ایرانی نوجوان نسل کی غیر معمولی علمی صلاحیتوں اور باصلاحیت طلبہ کی تربیت و سرپرستی کے لیے کی جانے والی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی جامعات کے نوجوان آج دنیا کے جدید ترین علمی شعبوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور ان کی یہی علمی صلاحیت دشمنوں کی تشویش کا باعث ہے۔ ایرانی طلباء نے دشمن کے حملوں اور مشکل حالات کے باوجود اپنی تعلیم اور سائنسی سرگرمیاں جاری رکھیں اور علمی میدان میں کامیابیاں حاصل کرکے دشمنوں کو مناسب جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی سائنسی، ثقافتی اور تربیتی خدمات نہایت قابل قدر اور دیرپا ہیں، جن کے ثمرات مستقبل میں مزید نمایاں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی عوامی بنیادوں پر استوار سرگرمیاں اس کی اہمیت میں مزید اضافہ کرتی ہیں۔

انہوں نے ممتاز طلبہ کی سائنسی کامیابیوں پر انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ خاندانوں کی معاونت اور سرپرستی کے بغیر طلبہ کی ترقی ممکن نہیں۔ سائنسی صلاحیت ایک الہی نعمت ہے اور ممتاز طلبہ اور ان کے خاندانوں کی پہلی ذمہ داری اس نعمت کو پہچاننا، اس پر شکر ادا کرنا اور اپنی علمی صلاحیتوں کو عوام اور اسلامی جمہوریہ ایران کی خدمت کے لیے استعمال کرنا ہے۔

News ID 1943020

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha