مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ چند روز کے دوران امریکہ کو ملک کے اہم شعبوں میں پے در پے خلل اندازیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان واقعات نے طیاروں کی آمدورفت، بینکنگ لین دین اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے کام کو مفلوج کردیا، یہاں تک کہ ان کا دائرہ انتہائی حساس انٹیلی جنس اور سکیورٹی اداروں کے داخلی نیٹ ورکس تک جا پہنچا۔
امریکی انٹیلی جنس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان خلل اندازیوں کے پیچھے کوئی دشمنانہ کارروائی نہیں تھی اور نہ ہی کوئی سائبر حملہ کیا گیا۔ تاہم، ان واقعات کا بیک وقت رونما ہونا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور اس ملک کی وزارتِ زراعت کو ہیکرز کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے بعد تمام امکانات زیرِ غور آگئے ہیں، جن میں ملک کے اہم بنیادی ڈھانچے کے خلاف منظم سائبر حملوں کا امکان بھی شامل ہے۔
اسی تناظر میں وائٹ ہاؤس نے قومی سائبر سکیورٹی کے ڈھانچے میں اچانک تبدیلی کرتے ہوئے کرسٹین ڈیوس کو اس ادارے کا نیا سربراہ مقرر کردیا۔
ٹرمپ نے بھی ایف بی آئی کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کی حکومت نے ابتدا میں ان واقعات کی اہمیت اور دائرے کو کم کرکے پیش کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم اسے اس معاملے پر وسیع پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
گزشتہ چند روز کے دوران امریکہ میں ہونے والی اہم خلل اندازیوں کی تفصیلات:
20 نومبر کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور وزارتِ زراعت پر سائبر حملہ۔
17 نومبر کو قومی سلامتی ایجنسی کے خفیہ مواصلاتی نیٹ ورک کی خدمات تین دن سے زائد عرصے کے لیے بند ہوگئیں۔
17 نومبر کو ایپل کمپنی کی خدمات معطل ہوگئیں۔
جے پی مورگن کی بینکنگ خدمات میں خلل پیدا ہوا، جس سے ہزاروں کھاتہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
16 نومبر کو یونائیٹڈ ایئرلائنز کی سیکڑوں پروازیں روک دی گئیں۔
13 نومبر کو طیاروں کی آمدورفت مفلوج ہوگئی اور ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔
12 نومبر کو مائیکروسافٹ کی خدمات دنیا بھر میں معطل ہوگئیں، جو 70 ممالک میں دو روز تک جاری رہیں۔
امریکی قانون سازوں نے تکنیکی خلل اندازیوں کے اس بڑے پیمانے اور ملک کے اہم بنیادی ڈھانچے اور شعبوں تک ان کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر کانگریس میں وضاحت طلب کرلی ہے۔
آپ کا تبصرہ