17 اگست، 2022، 4:07 PM

امریکہ وہی ١۹ اگست ١۹۵۳ والا امریکہ ہے/ مستکبرین سدھرنے والے نہیں ہیں، ایرانی اسپیکر

امریکہ وہی ١۹ اگست ١۹۵۳ والا امریکہ ہے/ مستکبرین سدھرنے والے نہیں ہیں، ایرانی اسپیکر

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے زور دے کر کہا کہ آج کا امریکہ وہی ١۹ اگست والا امریکہ ہے جبکہ ان کی دیگر ملکوں کی عوام من جملہ ایران کے متعلق اسکتباری نگاہ کی سطح اور گہرائی میں کوئی فرق نہیں آیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے آج بدھ کے دن پارلمنٹ کے اجلاس کی کاروائی شروع کرنے سے پہلے اپنے خطاب کے دوران آٹھ سالہ جنگی قیدیوں کی وطن واپسی کے دن ١۷ اگست کی مناسبت سے خراج تحسین پیش کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ آزاد ہو کر واپس لوٹنے والے وطن کے سپاہی اور ان مجاہدین کے صابر خاندان ملک کا بیش بہا سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنی عمر کے بہترین سالوں کے سکون اور آسائش کو اسلامی مملکت کے تحفظ اور عوام کی سلامتی کے لئے قربان کیا۔ ایران ہمیشہ ان آزاد سرفرازوں کا احسان مند رہے گا۔ 

اسپیکر نے مزید کہا کہ ١۹ اگست کی امریکی سازش کے موقع پر تاکید کرنا ضروری ہے کہ ایرانی قوم مستکبرین کی حقیقت کو فاش کرنے والے ثبوت کے طور پر بیرونی طاقتوں، خاص طور پر امریکہ کی دشمنی، وعدہ خلافی، عہد شکنی، لوٹ مار، ظلم اور مداخلت کی بلند و بالا فہرست کو ہرگز نہیں بھولے گی اور ہمیشہ اسے اپنی آنکھوں کے سامنے رکھے گی۔  

قالیباف کا کہنا تھا کہ ١۹ اگست ان ناقابل انکار سانحات میں سے ایک ہے جو ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ تسلط پسند استکباری نظام جب اپنے مفادات کو خطرے میں دیکھتا ہے تو ڈیموکریسی کی بے قدری سامنے آتی ہے اور ملکوں کی خودمختاری سے کھلواڑ کیا جاتا ہے۔ 

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج کا امریکہ وہی ١۹ اگست والا امریکہ ہے جبکہ ان کی دیگر ملکوں کی عوام من جملہ ایران کے متعلق اسکتباری نگاہ کی سطح اور گہرائی میں کوئی فرق نہیں آیا بلکہ اس ملک کی ہیئت حاکمہ نے ایران جیسی خود مختار قوموں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لئے روز بروز مزید پیچیدہ اور بے رحمانہ منصوبوں کا جال بچھانے کی ٹھان رکھی ہے۔ 

قالیباف نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ اگر کسی دن امریکہ نے اس ملک میں بعض افراد کو خرید کر بغاوت کروائی تھی تو بعد والے سالوں کے دوران بھی ایران کے اسلامی انقلاب کو سرنگوں کرنے کے لئے کسی بھی قسم کی کوشش سے دریغ نہیں کیا، اس طرح کہ ایران کے ساتھ جنگ میں اس کے بے رحم دشمن کی پوری قوت اور طاقت کے ساتھ حمایت و مدد کی۔  

قالیباف نے مزید کہا کہ امریکہ نے ہمارے اور ہماری عوام کے خلاف ہمہ گیر معاشی جنگ کا جال بچھایا اور ایران کو اس کے مسلمہ حقوق سے محروم کرنے کے لئے ناجائز عالمی معرکہ آرائی شروع کی۔ 

انہوں نے کہا کہ امریکی ظلم اور جرائم کی تاریخ نے ایرانی قوم کو یہ سبق سکھایا ہے کہ مستکبریں ہرگز سدھرنے والے نہیں ہیں اور جو چیز ایران کی عوام کی خود مختاری اور آزادی کی ضمانت فراہم کرتی ہے صرف اور صرف طاقتور ایران میں تبدیل ہونا ہے اور ایران کے طاقتور ہونے کا دار و مدار بھی ایرانی عوام کے فرد فرد کے طاقتور ہونے پر ہے۔ 

مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان شاء اللہ ایرانی قوم اللہ تعالیٰ پر توکل کی بدولت ترقی اور پیش رفت میں حائل رکاوٹوں کو اپنے راستے ہٹا دے گی اور گزشتہ کی طرح مستکبرین کو ناامید کردے گی۔

News ID 1912033

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha