مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ ہندوستان کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے آج ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور ہندوستان دوستی کے نئے دور کے لئے پُرعزم ہیں اور دونوں ممالک دفاع اور تجارت سمیت کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق نئی دہلی کے حیدر آباد ہاؤس میں ہندوستانی وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران باراک اوبامہ نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ مضبوط تعلقات بہت ضروری ہیں، امریکہ اور ہندوستان دوستی کے نئے دور کے لئے پُرعزم ہیں اور بھارت کے ساتھ دفاع اور تجارت سمیت کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور امریکہ سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتا ہے۔
اس موقع پر نریندر مودی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ہندوستان کی دوستی فطری گلوبل پارٹنر شپ ہے اور ایسا پہلی بار ہوا کہ کسی امریکی صدر نے 2 مرتبہ بھارت کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پوری دنیا میں امن و سلامتی اور خوشحالی چاہتا ہے اور یہ پارٹنرشپ دونوں ممالک اور دنیا کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے ضروری ہے، امریکہ اور بھارت کے تعلقات تبدیلی کے دور سے گزر رہے ہیں۔امریکی صدر اوبامہ آج دہلی پہنچے اور وہ کل ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ادھر دہلی میں امریکی صدر کے دورے کے خلاف عوامی مظاہرے بھی جاری ہیں عوامی تنظیموں نے امریکی صدر کے دورہ ہند کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ دوستی ہندوستان کو مہنگی پڑےگی کیونکہ امریکہ نے جہاں بھی قدم رکھے ہیں وہاں تباہی اور بربادی کے اسباب فراہم کئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ