مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہرکراچی میں پولیس نے طالبان شر پسند تنظیم کے اہم رکن کو شہر کے مضافاتی علاقے سے گرفتار کرنے کے بعد اس کے گھر کو مسمار کردیا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ طالبان شرپسند تنظیم کا اہم کمانڈر سہراب گوٹھ کے علاقے میں روپوش ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر سہراب گوٹھ کے علاقے میں نشاندہی کیے گئے ایک پٹرول پمپ پر چھاپہ مارا اور وہاں سے ایک شخص کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت عمر خان ولد مہتاب خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم عمر خان طالبان شر پسند تنظیم کا کبل گرام شانگلہ، مالاکنڈ ایجنسی کا کمانڈر بتایا جاتا ہے۔ چھاپے کے دوران ملزم کی نشاندہی پر اس کا گھر بھی مسمار کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے پٹرول پمپ کو اپنی مذموم کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور کالعدم تنظیم طالبان کے دیگر روپوش ارکان سے رابطے اور ملاقاتوں کے لیے ٹھکانہ بنایا ہوا تھا۔
پولیس کی ملزم سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے اور اس کے نیٹ ورک میں شامل اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ