مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں برسرپیکار کئی عسکری تنظیموں پر مشتمل متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ عسکریت پسندوں کو وادی کشمیر میں ہندوؤں اور سکھوں کی جان و مال کی حفاطت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ یہ بیان بعض ہندوستانی اخبارات میں ان خبروں کی اشاعت کے بعد جاری کیا گیا جن میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عسکری تنظیمیں ہندوؤں اور سکھوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔
متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عسکری تنظیموں کی قیادت نے عسکریت پسندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہندوؤں اور سکھوں کو کوئی نقصان نہ پہنچائیں اور یہ کہ ان کی جان و مال کی حفاظت کریں۔انھوں نے ہندوستانی اخبارات کی ان اطلاعات کو من گھڑت قراردیا جن میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عسکری تنظیمیں ہندوؤں اور سکھوں کے مال و جان کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔سید صلاح الدین نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ یہ ہندوستانی حکومت اور اس کی خفیہ ایجنسیوں کی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی تحریک کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد کشمیریوں کے حق خود ارایت کی تحریک کو فرقہ وارانہ رنگ دینے اور انتہا پسند ہندوؤں کو مسلمانوں پر حملے کے لئے اکسانا ہے۔
آپ کا تبصرہ