مہرخبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی شام کے بعد سعودی عرب پہنچ گئی ہیں ،جہاں انھوں نے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ سے ملاقات کی ہےسعودی فرمانرواں شاہ عبداللہ نے ریاض کے قریبی علاقےجنادریہ میں واقع شاہی محل میں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے ملاقات کی، تاہم ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔حزب مخالف سے تعلق رکھنے والی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکرجب ریاض ایئر پورٹ پہنچیں تو امریکہ کے لیے سعودی سفیر عدیل الزبیر نے ان کا استقبال کیا ۔ نینسی پلوسی کی شاہ عبداللہ سے ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک ہفتہ قبل ہی سعودی عرب کی طرف سے عراق میں اتحادی افواج کی موجودگی کوغیر ملکی تسلط قرار دیا گیاتھا۔نینسی پلوسی امریکی صدر بش کی سخت تنقید کے باوجود شام گئی تھیں، جہاں صدر بشارالاسد سے اہم ملاقات کے بعدوہ سعودی عرب پہنچی ہیں ۔شامی صدر سے ملاقات کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کا کہنا تھا کہ وہ دمشق اور اسرائیل کے درمیان امن کے فروغ کے لیے کام کرنے کوتیار ہیں ۔دوسری طرف امریکی صدر بش نے نینسی پلوسی کے دورہ دمشق پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے شام کو تنہا کرنے کی امریکی کوششوں پر کافی ضرب لگی ہے
آپ کا تبصرہ