7 نومبر، 2026، 11:13 AM

خاندانی اقدار اور حقِ حیات کا پیغام؛ پوپ کا 12 روزہ دورہ شروع

خاندانی اقدار اور حقِ حیات کا پیغام؛ پوپ کا 12 روزہ دورہ شروع

پوپ لیو چہاردہم نے آج جنوبی امریکہ کا اپنا طویل 12 روزہ دورہ شروع کردیا ہے، جس کے دوران وہ یوروگوئے، ارجنٹائن اور پیرو جائیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پوپ لیو چہاردہم اپنے 12 روزہ دورے کے دوران لاطینی امریکہ کے تین ممالک یوروگوئے، ارجنٹائن اور پیرو کا سفر کریں گے اور ان ممالک کے سیاسی رہنماؤں، قیدیوں، غریبوں اور اپنے پرانے دوستوں سے ملاقات کریں گے۔

امریکہ سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ لیو چہاردہم نے تقریباً دو دہائیاں پیرو میں مذہبی مبلغ کی حیثیت سے گزاری ہیں اور وہ اس ملک کی شہریت بھی رکھتے ہیں۔ اس وجہ سے ان کے اور اس براعظم کے درمیان گہرا تعلق قائم ہے۔

71 سالہ پوپ نے بدھ کے روز ان ممالک میں دوبارہ واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کا یہ دورہ ان ممالک میں ’’ایمان کو مزید مستحکم کرنے، امید کی تجدید اور محبت کے شعلے کو بھڑکانے‘‘ میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان ممالک میں کیتھولک چرچ کو انجیلی کلیساؤں کے مقابلے میں اپنا اثر و رسوخ کھونا پڑ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ممالک سماجی عدم مساوات میں اضافے، تشدد اور آبادی میں شدید کمی جیسے مشترکہ مسائل کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔

اگرچہ پوپ کو تین ہفتے سے کچھ زیادہ عرصہ قبل سرطانی رسولی نکالنے کے لیے جراحی کے عمل سے گزرنا پڑا تھا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں سفر کی اجازت دے دی ہے۔

ویٹیکن نے بھی اعلان کیا ہے کہ پوپ کے معمول کے سفری طبی انتظامات کے علاوہ کسی خصوصی طبی اقدام کی ضرورت نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق، پوپ اپنے دورے کا آغاز یوروگوئے سے کریں گے، جو لاطینی امریکہ کا سب سے زیادہ سیکولر ملک اور اس خطے کے چھوٹے مگر خوشحال ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ اس ملک کے حکام نے ان کے استقبال کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے ہیں اور تقریباً 5 ہزار پولیس اہلکاروں اور ایک ہزار فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔

پوپ دارالحکومت مونٹی ویڈیو کے ساحلی علاقے میں ایک خصوصی گاڑی میں سفر کریں گے، جسے ’’پوپ موبائل‘‘ کہا جاتا ہے اور اسے اس موقع کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے بعد وہ یوروگوئے کے صدر یاماندو اورسی سے ملاقات کریں گے اور انہیں شہر کی چابی پیش کی جائے گی۔

مونٹی ویڈیو کے آرچ بشپ ڈینیئل استوریلا نے کہا کہ پوپ کے دورے نے بہت وسیع دلچسپی اور توجہ پیدا کی ہے، جو کیتھولک چرچ کی حدود سے بھی آگے تک پھیلی ہوئی ہے۔

پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے پیساندو اور فلوریڈا کے علاقوں میں منعقد ہونے والی دو اجتماعی عبادات (عشائے ربانی) میں شرکت کے ٹکٹ تیزی سے فروخت ہوچکے ہیں۔

واضح رہے یوروگوئے میں ہم جنس پرستوں کی شادی، اسقاطِ حمل اور خود کشیاں جیسے معاملات پر کیتھولک چرچ سے اختلاف پایا جاتا ہے۔ گزشتہ سال اس ملک میں خود کشی کو قانونی حیثیت دے دی گئی تھی۔

توقع ہے کہ پوپ اس دورے کے دوران حقِ حیات اور خاندان کی روایتی اقدار کے تحفظ پر زور دیں گے۔

News ID 1942660

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha