8 نومبر، 2026، 9:44 PM

ایران کی قومی سلامتی کونسل نے رشت-آستارا ریلوے منصوبے کے معاہدے کی منظوری دے دی

ایران کی قومی سلامتی کونسل نے رشت-آستارا ریلوے منصوبے کے معاہدے کی منظوری دے دی

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے رشت-آستارا ریلوے لائن کی تعمیر کے معاہدے اور اس کے پورے 162 کلومیٹر طویل راستے کو سروے اور ابتدائی فنی جائزوں کے لیے روسی کمپنی کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے نائب وزیر برائے سڑک و شہری ترقی اور کمپنی برائے تعمیر و ترقی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے سربراہ ہوشنگ بازوند نے کہا کہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی کوششوں سے گزشتہ ہفتے اس معاہدے کی منظوری دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ بدھ کو ریلوے لائن کے راستے میں باقی ماندہ 37 کلومیٹر اراضی بھی روسی کمپنی کے حوالے کر دی گئی، جس کے بعد اب پورے راستے پر ضروری سروے اور ابتدائی فیلڈ ورک کے لیے رسائی فراہم کر دی گئی ہے۔ اس پیش رفت سے منصوبے پر کام کی رفتار تیز ہوگی اور ایرانی انجینئرز بھی سروے کے عمل میں شریک ہوں گے۔

روسی خبررساں ادارے تاس کے مطابق، روس کے نائب وزیراعظم آندرے نیکیتین نے 5 نومبر کو بتایا تھا کہ روسی کمپنی کاسپین سروسز اور ایرانی کمپنی برائے تعمیر و ترقیِ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے درمیان ایک پروٹوکول پر دستخط ہوئے ہیں، جس کے تحت ریلوے لائن کے پورے راستے میں واقع اراضی تک رسائی فراہم کی گئی ہے تاکہ ابتدائی انجینئرنگ سروے کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ اصل معاہدے کے لیے ایک ضمنی معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔

رشت-آستارا ریلوے لائن ایران اور روس کے ریلوے نیٹ ورکس کو ایک دوسرے سے منسلک کرے گی۔ یہ بین الاقوامی شمال-جنوب ٹرانسپورٹ راہداری کا ایک اہم حصہ ہے، جس کے ذریعے خلیج فارس سے جنوبی ایشیا تک مسلسل زمینی و ریلوے رابطہ قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

News ID 1942705

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha