مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لندن اور دوحہ سے نشر ہونے والے قطری میڈیا ادارے العربی الجدید نے ایک باخبر ایرانی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ قطر کا ایک وفد پیر کی شب تہران روانہ ہوا ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی مشاورت اور ثالثی کی کوششوں کو جاری رکھنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، قطری وفد کی سربراہی قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے مشیر کر رہے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران قطری وفد کا یہ تیسرا دورۂ تہران ہے، جو دوحہ کی جانب سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی اور دونوں فریقوں کے مؤقف کو قریب لانے کی کوششوں میں تیزی کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔ ان کوششوں کا مقصد جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، قطری وفد گزشتہ ہفتے اتوار کو بھی تہران آیا تھا، جس کے بعد جمعے کے روز دوبارہ ایران پہنچا۔ اس دورے کے دوران وفد نے 12 گھنٹے طویل مذاکرات کیے اور بعد ازاں ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کے ہمراہ تہران سے روانہ ہوا۔
کاظم غریب آبادی نے بھی ان سفارتی مشاورتوں کے سلسلے میں دوحہ کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے اسی نوعیت کے مذاکرات کیے۔
دوسری جانب، خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی قطری وفد کے دورۂ تہران کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قطر کے ثالث ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے حوالے سے بات چیت کے لیے تہران روانہ ہوئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ