مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس اور چین نے ایک مشترکہ بیان میں یوریشیا کے خطے میں بیرونی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بیرونی مداخلت پورے خطے میں استحکام کو کمزور کرنے کا بنیادی سبب ہے۔
تفصیلات کے مطابق، روس اور چین نے اپنے مشترکہ بیان میں اس بات پر زور دیا کہ یوریشیا میں بیرونی طاقتوں کی تخریبی مداخلت خطے کے استحکام کے لیے ایک اہم چیلنج بن چکی ہے۔
دوسری جانب، چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے بدھ کے روز روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کے مطابق روس کے ساتھ باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔
لی چیانگ نے مزید کہا کہ چین روس کے ساتھ اعلیٰ ترین سطح پر تعاون کرنے کے لیے آمادہ ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو مسلسل مضبوط بنایا جا سکے اور کثیرالجہتی تعاون سمیت دوطرفہ باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دیا جاسکے۔
چینی وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کا مقصد دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات کا تحفظ اور انہیں فائدہ پہنچانا ہے۔
واضح رہے کہ لی چیانگ اس سے قبل اپنے روسی ہم منصب، وزیراعظم میخائل میشوستین سے مذاکرات کے لیے روس پہنچے تھے۔
بدھ کے روز روس اور چین کے سربراہانِ حکومت کا 31واں اجلاس بھی سینٹ پیٹرزبرگ میں واقع بورس یلسن صدارتی لائبریری میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ