مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام میں حلب شہر کے جنوب میں واقع علاقے العیس کے نواح میں شامی فوج کے ایک اسلحہ و گولہ بارود کے گودام میں شدید دھماکے ہوئے، جس کے بعد علاقے میں مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
حلب کی شہری دفاعی تنظیم کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حلب سول ڈیفنس کے آپریشنز کمانڈر فیصل محمد علی نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے انہیں جائے حادثہ کے قریب جانے سے منع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ تک نہیں پہنچ پا رہی ہیں۔
واقعے کے بعد حلب صوبے میں سکیورٹی فورسز کو مکمل طور پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حلب سے دمشق جانے والی مرکزی شاہراہ سمیت جنوبی حلب میں دھماکے کے مقام کی جانب جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
مقامی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور امدادی کارکنوں کی حفاظت کے لیے گھروں سے باہر نکلنے اور جائے حادثہ کے قریب جمع ہونے سے گریز کریں۔
دوسری جانب اسپتالوں اور ایمرجنسی ٹیموں کو بھی مکمل طور پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تاہم اب تک حکام کی جانب سے ان مسلسل دھماکوں کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی۔
آپ کا تبصرہ