مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور عراق کے گہرے اور اسٹریٹجک تعلقات کو بعض افراد کے ذاتی یا غیر سرکاری بیانات سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق سید عباس عراقچی نے عراقی وزیر خارجہ فواد حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران خطے کی تازہ صورتحال، ایران پر امریکی حملوں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی واشنگٹن کی جانب سے خلاف ورزیوں اور ان کے جواب میں ایران کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
عباس عراقچی نے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات تاریخی، ثقافتی، مذہبی روابط اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ یہ قیمتی تعلقات بعض ذاتی اور غیر سرکاری بیانات کی وجہ سے متاثر نہیں ہونے چاہییں۔ ایران باہمی احترام، حسنِ ہمسائیگی اور عراقی حکومت و عوام کے ساتھ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ علاقائی صورتحال اور اس کے امن و استحکام پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور خطے میں امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشاورت اور رابطے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ