مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور جاپانی ہم منصب توشیمیتسو موٹےگی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے ایران اور جاپان کے تعلقات، تازہ ترین علاقائی و بین الاقوامی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
عراقچی نے جاپانی وزیرخارجہ کو دوبارہ منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور تعمیری تعاون نئے دور میں مزید مضبوط ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر ایران کے جوہری پروگرام کی تازہ صورتحال اور امریکہ و تین یورپی ممالک کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ 2018 میں جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پر امریکہ ہی نے علیحدگی اختیار کی تھی، اس لیے اعتماد بحال کرکے سفارتکاری کی راہ پر واپس آنا بھی واشنگٹن کی ذمہ داری ہے۔
گفتگو کے دوران جاپانی وزیر خارجہ موٹےگی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاپان کے تعمیری کردار کے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی و عالمی مسائل کے حل کے لیے سیاسی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔
آپ کا تبصرہ