مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کی مزاحمتی تنظیم سیدالشہداء بریگیڈ کے سیکریٹری جنرل حاج ابو آلاء الولائی نے حماس کے سینئر رہنماؤں اسامہ حمدان اور طاہر النونو پر مشتمل وفد سے ملاقات کی، جس میں مسئلہ فلسطین سے متعلق صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران مزاحمتی گروہوں کی سرگرمیوں، مذاکرات کی پیش رفت اور غزہ کی پٹی میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر غزہ کے خلاف جاری محاصرے اور مسلسل صہیونی جارحیت کے اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔
حماس کے وفد نے موجودہ حالات میں جاری مذاکرات کی زمینی حقیقت، درپیش چیلنجز اور رکاوٹوں سے متعلق ایک جامع بریفنگ دی۔
اس موقع پر ابو آلاء الولائی نے صہیونی سازش کے مقابلے میں مقاومتی گروہوں کے اتحاد کو ایک مستقل اور اصولی حکمت عملی قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ عراق اور اس کی مزاحمتی قوتیں مسئلہ فلسطین کو امت مسلمہ کا بنیادی اور مرکزی مسئلہ سمجھتی ہیں اور اس کی مکمل حمایت جاری رکھیں گی۔
حماس کے رہنماؤں نے بھی عراقی مزاحمت کے کردار کو معاون قرار دیتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت میں عراقی مذہبی قیادت کے واضح اور جرات مندانہ مؤقف کو سراہا۔
آپ کا تبصرہ