22 دسمبر، 2025، 6:04 PM

دشمن کی ہر شرارت کا طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، جنرل حاتمی

دشمن کی ہر شرارت کا طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، جنرل حاتمی

ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر ہے، کسی قسم کی شرارت کی صورت میں طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی بری فوج کے کمانڈر ان چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ دشمن کی تمام نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ کسی بھی قسم کی شرارت کا فیصلہ کن اور طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق، مغربی ایران میں فوجی یونٹوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل حاتمی نے کہا کہ بری فوج کی جنگی صلاحیت اور عملی تیاریاں اطمینان بخش ہیں۔ سرحدی علاقوں میں تعینات اہلکاروں کا حوصلہ بلند ہے اور ان کے پاس موجود سازوسامان حالیہ 12 روزہ مسلط کردہ جنگ کے تجربات کی روشنی میں مکمل طور پر تیار کیا گیا ہے۔

بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایران کی فوج دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔ تمام عسکری تربیت اور مشقیں عسکری اصولوں کے تحت حقیقی جنگی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دی جارہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ محاذ آرائی کے لیے مکمل آمادگی یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ مغربی خطے میں بری فوج کے فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے متعدد ڈرونز کے ساتھ ساتھ جدید ہرمس اور ہیرون ڈرونز کو بھی مار گرایا۔ 12 روزہ جنگ کے دوران دشمن کا پہلا جدید ہیرون ڈرون مغربی سرحد سے ایران میں داخل ہوتے ہی فضائی دفاعی نظام کا نشانہ بنا اور یہی مضبوط ردعمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔

جنرل حاتمی نے کہا کہ غیر متوازن اور غیرروایتی خطرات کے مقابلے کے لیے فوج اپنی تیاریوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے، کیونکہ زمینی خطرات ایران کے لیے ایک حقیقی چیلنج ہیں۔

انہوں نے تاریخی تناظر میں کہا کہ جب بھی حکمران کمزور رہے، ملک کو علاقائی نقصان اٹھانا پڑا، مگر دفاعِ مقدس کے دوران امام خمینیؒ کی قیادت اور مجاہدین کی قربانیوں کے باعث ایران کی سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے ہاتھ نہ جانے دیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ آج بھی بری فوج کا بنیادی مشن ایران کی جغرافیائی سالمیت اور قومی خودمختاری کا تحفظ ہے اور یہ فریضہ ہر حال میں انجام دیا جائے گا۔ افواج ایران شہادت، ایثار اور قربانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، مگر عوام کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔

News ID 1937239

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha