22 دسمبر، 2025، 8:39 PM

شمالی حلب میں شدید جھڑپیں، قسد اور جولانی فورسز آمنے سامنے

شمالی حلب میں شدید جھڑپیں، قسد اور جولانی فورسز آمنے سامنے

حلب کے مختلف علاقوں میں الجولانی کے عناصر اور قسد کے جنگجوؤں کے درمیان تصادم ہوا اور قسد کے اسنائپرز نے سیکیورٹی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کے مختلف ذرائع نے شمالی حلب میں قسد فورسز اور جولانی سے وابستہ مسلح عناصر کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاع دی ہے، جس سے علاقے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، قسد فورسز اور جولانی کی زیر قیادت گروہوں کے درمیان حلب کے شمالی علاقوں میں فلکہ شیحان اور اللیرمون کے قریب تصادم ہوا۔ جھڑپوں کے دوران فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف ہلکے اور درمیانے درجے کے ہتھیار استعمال کیے۔

ادھر شامی میڈیا الاخباریہ کے نامہ نگار نے بھی تصدیق کی ہے کہ حلب کے علاقوں شیخ مقصود اور الاشرفیہ میں جولانی فورسز اور قسد کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری رہیں۔ قسد کے اسنائپرز نے شیحان کے قریب ایک سیکیورٹی پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق حلب کے مشرق میں واقع دیر حافر کے اطراف میں بھی مسلح جھڑپیں ہوئیں، جہاں جولانی سے وابستہ عناصر اور امریکی حمایت یافتہ قسد فورسز ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئے۔

اس سے قبل شامی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ قسد کے عناصر نے الطبقہ کے علاقے سے اپنا عسکری سازوسامان منتقل کرتے ہوئے دیر حافر کے قریب فوجی چیک پوسٹوں کے اطراف میں پوزیشنیں مضبوط کی ہیں جس کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ شام کے شمالی اور مشرقی علاقے کئی ماہ سے قسد اور جولانی سے وابستہ فورسز کے درمیان مسلسل جھڑپوں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ فریقین کے درمیان طے پانے والا جنگ بندی معاہدہ بھی ان تصادم کے واقعات کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔

News ID 1937243

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha