مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے مقبوضہ فلسطین میں واقع بن گوریان ایئرپورٹ پر ہائپر سونک بیلسٹک میزائل "فلسطین-2" داغا ہے، جس کے بعد پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔
میجر جنرل یحیی سریع نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائی مکمل طور پر کامیاب رہی اور میزائل نے اپنے اہداف کو درستگی سے نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد ہزاروں صہیونی باشندے پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہوگئے اور بن گوریان ایئرپورٹ پر تمام فضائی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔
یحیی سریع نے اس حملے کو غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف ردِ عمل اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی قرار دیا۔ انہوں نے عالم اسلام اور عرب اقوام سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یمنی فوج کی کارروائیاں جاری رہیں گی جب تک اسرائیلی جارحیت بند نہیں ہوتی اور غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ، خصوصاً چینل 12 نے تصدیق کی ہے کہ پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران یمن کی جانب سے اسرائیلی علاقوں پر یہ دوسرا میزائل حملہ تھا۔ میزائل کے داغے جانے کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ القدس میں شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
آپ کا تبصرہ