مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے مقاومتی رہنماوں کے ہمراہ "منبر قدس" تقریب سے خطاب کیا۔ صدررئیسی اور دیگر مقاومتی رہنماوں کے خطابات کو بیک وقت تہران، دمشق، صنعاء، بیروت اور بغداد میں ٹی وی چینلز کے ذریعے نشر کیا گیا۔
"طوفان الاحرار" کے نعرے کے ساتھ منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر رئیسی نے صہیونی جرائم پیشہ حکومت کے مظالم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند استقامت کا مظاہرہ کرنے پر فلسطینی عوام اور مقاومتی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے امام خمینی کی جانب سے عالمی یوم القدس منانے کے فیصلے کو فلسطینی مظلوم عوام کی آزادی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی طرف پہلا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک بیت المقدس صہیونیوں کے قبضے میں ہے ہر روز یوم القدس ہے۔ بیت المقدس فسلطین کا قلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہداء کا خون مستقبل میں فتح کی نوید سنا رہا ہے۔ فلسطینی عوام نے کسی بھی لمحے دشمن کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالا اور کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ فلسطینی عوام کی جرائت اور بہادری کی وجہ سے دنیا پر واضح ہوگیا کہ اسرائیل کا وجود مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے۔ طوفان الاقصی میں شرمناک شکست کے بعد صہیونی فورسز بے گناہ خواتین اور معصوم بچوں پر مظالم ڈھارہی ہیں۔صہیونی حکومت انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کو کوئی اہمیت نہیں دیتی ہے۔ حالیہ واقعات نے ثابت کردیا کہ امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے انسانی حقوق کے نعرے زبانی حد تک محدود ہیں۔ عملی طور پر ان ممالک کا کردار ان نعروں کے برعکس ہے۔
صدر رئیسی نے کہاکہ گذشتہ چھے مہینوں کے دوران فسلطینی عوام نے ثابت کردیا کہ اگر کوئی قوم ایمان کے بل بوتے پر کھڑی ہوجائے تو کامیابی اس کا مقدر ٹھہرتی ہے۔ یہ اللہ کا وعدہ ہے جو کبھی وعدہ خلافی نہیں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طوفان الاقصی تاریخ کا اہم موڑ ثابت ہوگا۔ صہیونی فورسز کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مسجد اقصی کی بے حرمتی کے بعد شروع ہونے والے اس طوفان کے بعد صہیونی قبضے کے خلاف مزاحمت نئے دور میں داخل ہوا ہے۔ دنیا طوفان الاقصی سے پہلے والے حالات کی طرف واپس نہیں جائے گی۔ صہیونی حکومت کا شکست ناپذیر ہونے کا مفروضہ خیالی ثابت ہوگیا ہے۔ غزہ میں خواتین اور بچوں کے قتل عام سے صہیونی حکومت اپنے چہرے سے شکست کا داغ نہیں مٹاسکے گی۔
صدر رئیسی نے کہا کہ دہشت گرد صہیونی حکومت نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ کرکے بین الاقوامی قوانین کو پاوں تلے روند ڈالا ہے۔ اسرائیل کو اس حملے کا جواب دیا جائے گا۔ مقاومتی بلاک کے ہاتھوں شکست کی وجہ سے صہیونی حکومت حواس باختہ ہوکر انسانیت کے خلاف کسی قسم کے اقدام سے گریز نہیں کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد سے مقاومتی بلاک غاصب صہیونی حکومت کو سخت سزا دے گا جس کے بعد اسرائیل کو اپنے کئے پر پشیمانی کا سامنا ہوگا۔
آپ کا تبصرہ