مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت دفاع کے تحت کام کرنے والی خواتین ماہرین نے ایک نیا اور جدید الیکٹرانک وارفیئر نظام ’’صیاد–4‘‘ متعارف کرایا ہے، جو دشمن کے نیویگیشن سسٹمز میں مؤثر خلل ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس دفاعی نظام کا اصل نمونہ دکھانے کے بجائے ایک ماڈل ایک نمائش کے دوران نشر کیا۔
رپورٹ کے مطابق صیاد–4 ایک جدید الیکٹرانک وارفیئر سسٹم ہے جو دشمن کے مقام معلوم کرنے اور نیویگیشن سسٹمز میں خلل ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ انکشاف ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ایران میں حضرت فاطمہ زہراؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر قومی یومِ مادر منایا جا رہا ہے، جسے ایرانی خواتین کی سماجی، سائنسی اور دفاعی خدمات سے جوڑا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیرزادہ نے ایرانی خواتین سائنس دانوں کی دفاعی کامیابیوں پر مشتمل نمائش کا دورہ کیا۔
انہوں نے دفاعی صنعت میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی خواتین دفاعی منصوبوں کی اعلی ترین سطحوں پر سرگرم ہیں اور پیچیدہ دفاعی نظام تیار کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کے بقول خواتین کا یہ کارنامہ ملک کی دفاعی خود کفالت اور سائنسی ترقی کی واضح علامت ہے۔
آپ کا تبصرہ