مہر نیوز کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اتوار کی شب ایک بیان میں غزہ کے الشفا ہسپتال کے طبی عملے، مریضوں، زخمیوں اور پناہ گزین فلسطینیوں کے خلاف صیہونی فوج کی طرف سے جاری غیر انسانی اور بھیانک جرائم کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے سے شفا ہسپتال اور اس کے آس پاس کے علاقے میں مریض، طبی عملہ اور فلسطینی پناہ گزین بالخصوص خواتین اور بچے دہشت گرد صیہونی فوج کے غیر انسانی محاصرے میں ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے گذشتہ چند دنوں میں قابض رجیم کے وحشیانہ جرائم کے نتیجے میں شفا ہسپتال میں محصور 180 مریض، طبی عملہ اور فلسطینی پناہ گزین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں قید فلسطینی خواتین پر تشدد، ہراساں کرنے اور ان کے قتل کے بارے میں چونکا دینے والی خبریں موصول ہوئی ہیں، جس کی روک تھام کے لئے عالمی برادری کی جانب سے فوری اور فیصلہ کن اقدام کے طور پر بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل ضروری ہے تاکہ صہیونی رجیم کے جنگی جرائم کو برملا کیا جاسکے۔"
کنعانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صیہونی حکومت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت کے سلسلے میں عالمی برادری اور اسلامی حکومتوں کو ان کی ذمہ داری کی طرف توجہ دلاتا ہے۔
انہوں نے حکومتوں اور بین الاقوامی قانونی اداروں کی طرف سے ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے موثر، فیصلہ کن اور فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایسے انسانی سانحات کے مرتکب مجرموں اور ان کے حامیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور سزا کے لیے مقدمہ دائر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔"
آپ کا تبصرہ