مہر خبررساں ایجنسی - بین الاقوامی ڈیسک: اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ کے موقع پر آج ایران کے 38 ہزار دیہاتوں اور 1400 شہروں میں لوگوں کی پرجوش شرکت اور والہانہ موجودگی نے ملک کی انقلابی فضا کو گرما کر مایوس دشمن کو بھسم کر ڈالا ہے۔
اگرچہ ملکی حکام نے 11 فروری (اسلامی انقلاب کی کامیابی کا دن) کے عوامی مارچ کے باضابطہ آغاز کے وقت کا اعلان صبح 9:30 بجے کیا تھا، لیکن اسلامی جمہوریہ ایران کے ہمیشہ بروقت میدان میں حاضر رہنے والے پرجوش انقلابی عوام اس بار بھی وقت سے پہلے مارچ کے راستوں پر پہنچ چکے ہیں۔
اسلامی انقلاب کی 45 ویں سالگرہ کی تقریبات اور مارچ میں ملک کے مختلف حصوں میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت کی بین الاقوامی میڈیا میں وسیع پیمانے پر عکاسی کی گئی۔
المیادین ٹی وی چینل نے اسلامی انقلاب کی 45 ویں سالگرہ کے وقع پر ایرانی عوام کا پرجوش مارچ دکھاتے ہوئے شاندار کوریج دی۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل نے ایران کے اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ کے موقع پر تہران اور ایران کے دیگر صوبوں میں مارچ شروع ہو نے کی رپورٹ دی۔
عراق کی عہد نیوز ایجنسی نے بھی تہران اور ایران کے دیگر صوبوں میں انقلاب اسلامی ایران کی 45ویں سالگرہ کے موقع پر عوام کے پرجوش مارچ کے انعقاد کی خبر دی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ دی ہے کہ ہزاروں ایرانیوں نے آج ملک بھر کے شہروں کی گلیوں اور اہم چوکوں میں، ملکی جھنڈے لہرا کر اسلامی انقلاب کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے عالمی استکبار کے خلاف استقامت کے راستے پر گامزن رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس سال ایران کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ ایسے وقت میں منائی جارہی ہے کہ غزہ جنگ کی وجہ سے مغربی ایشیا میں کشیدگی میں اضافے کا امکان بڑھ رہا ہے۔
اس امریکی خبر رساں ایجنسی نے تہران میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر پرجوش عوامی مارچ کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ تہران کے عوام نے اسلامی جمہوریہ ایران کا پرچم لہراتے ہوئے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "مرگ بر امریکہ" اور "مرگ بر اسرائیل" لکھا ہوا تھا۔
مارچ کے راستوں میں بعض مقامات پر امریکی اور اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کیا گیا۔
لبنان کے المنار ٹی وی چینل نے 11 فروری کے عوامی مارچ اور صدر رئیسی کے خطاب کو لائیو دکھایا۔
لبنان کے نیوز چینل العہد الاخباری نے بھی اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر عوامی مارچ اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے خطاب کو بھرپور کوریج دی۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے بھی تہران اور ایران کے دیگر شہروں میں انقلاب اسلامی ایران کی 45ویں سالگرہ کے عوامی مارچ کو دکھانے کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی عسکری ٹیکنالوجی اور فوجی پیش رفت کو بھی خصوصی کوریج دی۔
ترکیہ کی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے خارجہ امور کے دفتر نے انقلاب اسلامی ایران کی 45ویں سالگرہ کے موقع پر ایکس سوشل پلیٹ فارم پر ایک پیغام شائع کیا۔
ترکی کی حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی نے اپنے پیغام میں ایک تصویر شائع کرتے ہوئے لکھا: ایران کو یوم فتح (اسلامی انقلاب) پر مبارکباد۔
آپ کا تبصرہ