مہر خبررساں ایجنسی نے سحر نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ معروف شیعہ عالم دین اور لکھنؤ کے امام جمعہ و الجماعت حجت الاسلام والمسلمین سید کلب جواد نقوی نے اسلامی استقامتی تحریک حماس کے جاں بازوں کا موازنہ بھگت سنگھ، چندر شیکھر آزاد، رام پرساد بسمل اور اشفاق اللہ خاں جیسے ہندوستان کی تحریک آزادی میں اپنی جاں نثار کرنے والے محبان وطن سے کی ہے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مولانا سید کلب جواد نے ایک بیان میں کہا کہ جیسے انگریزوں نے ہندوستان پر قبضہ کیا اور ان کے خلاف مذکورہ مجاہدین آزادی نے جنگ لڑی ویسے ہی تحریک حماس کے جاں باز اپنی سرزمیں کے لئے غاصب اسرائیل سے جنگ لڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جیسے انگریز ہندوستانی محبان وطن کو دہشت گرد کہتے تھے آج ویسے ہی غاصب اسرائیل بول رہا ہے۔ مولانا موصوف نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے پاس لاکھوں کی فوج ہے اور طرح طرح کے بم ہیں اور یہ غاصب اسرائیل فلسطینیوں کی جان لے رہا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ اسرائیل ایک ظالم ریاست ہے جو بچوں اور عورتوں پر بھی بے تحاشا ظلم کر رہا ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے۔
آپ کا تبصرہ