16 جنوری، 2023، 2:26 PM

امریکی پابندیاں ایرانی ڈرون طاقت میں خلل ڈالنے میں ناکام رہیں، امریکی میڈیا

امریکی پابندیاں ایرانی ڈرون طاقت میں خلل ڈالنے میں ناکام رہیں، امریکی میڈیا

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے ایران پر عائد یکطرفہ پابندیاں اس کے ڈرون پروگرام میں رکاوٹ ڈالنے میں ناکام رہی ہیں۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دی نیشنل انٹرسٹ میں چھپنے والے ایک مضمون میں ایران کے قدس ایوی ایشن اینڈ ایرو اسپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن (IAIO) اور ایران ایئر کرافٹ مینوفیکچرنگ انڈسٹریز کارپوریشن (HESA) جیسے ایرانی ڈرون بنانے والی کمپنیوں پر دہائیوں پرانی پابندیوں کا حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ برسوں سے امریکہ نے ایران کے IAIO، HESA جیسے اداروں سمیت ملٹری-صنعتی کمپلیکس اور مینوفیکچرنگ بیس پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ اس کے باوجود ایران کے ایرو اسپیس سیکٹر اور ڈرون انڈسٹری نے مسلسل توسیع اور ترقی کی ہے۔

مذکورہ مضمون میں کہا گیا ہے کہ ایران نے 1980 کی دہائی کے وسط میں ایران-عراق جنگ کے بعد سے ملٹری ڈرون بنائے اور آپریٹ کیے۔ تینتیس سے زیادہ ماڈلز کے ساتھ ایران کا انتہائی ترقی یافتہ، جدید ترین ملٹری ڈرون کمپلیکس اس کی سیکورٹی حکمت عملی اور عسکری ڈھانچے کے چار ستونوں میں سے ایک پر مشتمل ہے جو اس کی میزائل ٹیکنالوجی، پراکسی فورسز اور سائبر وارفیئر کی تکمیل کرتا ہے۔

امریکی آرٹیکل میں کہا گیا کہ ڈرونز نے تیزی سے ایران کو غیر متناسب فائدہ پہنچایا ہے۔ ڈرونز نے ایران کو پاور پروجیکٹ اور منافع کمانے، ٹیکنالوجی کی نمائش اور اثر و نفوذ بڑھانے، مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر اتحاد کو مضبوط کرنے کے قابل بنایا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں امریکہ نے ایران کی قدس ایوی ایشن انڈسٹریز کے چھ ایگزیکٹوز اور بورڈ ممبران کے خلاف اس جھوٹے بہانے کے تحت پابندیاں عائد کر دی تھیں کہ اسلامی جمہوریہ نے روس کو ڈرونز فراہم کیے ہیں جو ماسکو یوکرین کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

تاہم اسلامی جمہوریہ ایران نے متعدد مواقع پر واشنگٹن کے الزامات کو یکسر مسترد کیا ہے۔ گزشتہ دسمبر میں ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل محمد رضا اشتیانی نے کہا تھا کہ یوکرینی حکام اپنے اس دعوے کے لیے کوئی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ روس یوکرین کی جنگ میں ایرانی ڈرون استعمال کر رہا ہے۔

اسی طرح روس نے بھی یوکرین کے خلاف جنگ میں کسی بھی ایرانی ڈرون کے استعمال سے انکار کیا ہے۔

نیشنل انٹرسٹ کے آرٹیکل نے تسلیم کیا کہ مغربی پابندیاں ایران کو فوجی ڈرون مارکیٹ میں نمایاں کھلاڑی بننے اور مشرق وسطیٰ کے اندر اور باہر شراکت داروں کے ساتھ ڈرون ٹیکنالوجی کا اشتراک کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہیں۔ 

مضمون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایرانی ڈرون  اپنے جیسے مغربی ڈرونز کے مقابلے میں کم مہنگے ہیں اور میدان جنگ میں کارگر ثابت ہوئے ہیں۔

ایرانی مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین میجر جنرل محمد باقری نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ اس وقت ڈرون کی صنعت میں دنیا کی پانچ بڑی طاقتوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ڈرون بہت درستگی اور پرواز میں پائیداری کے ساتھ مختلف مشن انجام دے سکتے ہیں۔
 

News ID 1914210

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha