9 نومبر، 2022، 8:21 PM

ایران اور روس کی قومی سلامتی کونسلز کے سیکریٹریز کی ملاقات؛

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، ایران

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، ایران

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ ایران ہر ایسے اقدام کا خیرمقدم اور حمایت کرتا ہے جو مذاکرات کی بنیاد پر روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی اور امن کا باعث بنے جبکہ ہم جنگ کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تہران کے دورے پر موجود روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نکولائی پاتروشیف نے آج رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی سے ملاقات اور بات چیت کی۔ 

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے علاقائی اور عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحران کے حل کا حل علاقائی اور بین الاقوامی مذاکرات اور تعاون ہے۔

ریئر ایڈمرل علی شمخانی نے ایرانی قوم کے خلاف تسلط پسند نظام کی مشترکہ جنگ کے طول و عرض اور امریکی پابندیوں کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ اور علاقائی تعاون کو بڑھانا خاص طور پر اقتصادی میدان میں پڑوسی ممالک کے ساتھ، ہمارے ملک کی سٹریٹجک ترجیحات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے تجارت، بینکنگ، توانائی، نقل و حمل اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں ایران اور روس کے درمیان تعاون کے عمل کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ شمخانی نے مزید کہا کہ ضروری اقدامات کرتے ہوئے ان شعبوں میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جانا چاہیے۔

شمخانی نے یہ بھی کہا کہ علاقائی تنظیموں بالخصوص ایس سی او ﴿شنگھائی تعاون تنظیم﴾ میں کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ رکن ممالک کی قابل تبادلہ صلاحیتوں کو دانشمندی سے استعمال کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی خطے اور دنیا کی سلامتی کے لیے بدستور خطرہ ہے۔ انہوں نے اس رجحان کے خطرات کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو جاری رکھنے اور بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

شمخانی نے یوکرین کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی ایسے اقدام کا خیرمقدم اور حمایت کرتا ہے جو مذاکرات کی بنیاد پر روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی اور امن کا باعث بنے اور ہم جنگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

انہوں نے پابندیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اداروں کی تشکیل اور پابندیوں اور پابندیاں عائد کرنے والے ممالک کے خلاف بین الاقوامی اداروں کی صلاحیت کو فعال کرنے پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں نکولائی پاتروشیف نے تہران اور ماسکو کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاتروشیف نے ایران اور روس کے قومی سلامتی کے اداروں کے درمیان طے پانے والے سابقہ معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اور ان کے ہمراہ وفد کے دورہ ایران کا بنیادی مقصد مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار کو تیز کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا ہے۔ نیز اقتصادی، تجارتی، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے متحرک میکانزم فراہم کرنا بھی ان کے دورے کے مقصد میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانزٹ صلاحیتوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا، خاص طور پر نارتھ ساؤتھ کوریڈور کی تیزی سے تکمیل دو طرفہ اور بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی تعاون کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک موثر قدم ہے۔

روس کے اعلیٰ سیکورٹی اہلکار نے یہ بھی کہا کہ مغربی ممالک خاص طور پر امریکہ، اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور مشترکہ جنگ کا استعمال کرکے آزاد ممالک پر اپنی سیاسی مرضی مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

News Code 1913072

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha