مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیوریارک میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے 40 افراد کی میتوں کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجتماعی قبر میں دفن کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں ہو رہی ہیں، صحت کا بہترین نظام رکھنے والا ملک بھی اس مہلک وائرس کے آگے بے بس نظر آتا ہے کورونا وائرس نے امریکہ کے رعب و دبدبہ کو ختم کردیا ہے۔ نیویارک میں کورونا وائرس کے نئے 10 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسپتالوں میں سہولیات کم پڑگئیں اور لاشوں کی اجتماعی تدفین کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں تابوتوں کو ایک بڑے گڑھے میں دفن کیا جا رہا ہے، تدفین کرنے والوں نے مہلک وائرس سے بچاؤ کیلیے حفاظتی لباس بھی پہن کر رکھا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نیویارک کے جزیرے ہارٹ میں لاوارث لاشوں اور جن کے اہل خانہ تدفین کے اخراجات نہیں اُٹھا سکتے انہیں سرکار کی جانب سے دفنایا جاتا ہے اور اب کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کو بھی یہاں دفنایا جارہا ہے۔واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 697 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 68 ہزار اور 895 ہے۔
آپ کا تبصرہ