مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کو اسی برس مکمل کرنے کا عہد کر رکھا ہے جب کہ امریکی ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں جنھیں بند ہونا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق جنرل راحیل شریف دورہ ترکی مکمل کرنے کے بعد آج وطن واپس پہنچے اورپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔ آرمی چیف نے صدر مملکت ممنون حسین کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ سال دہشت گردی کے خاتمے کا سال ہے، آپریشن ضرب عضب کامیابی کی طرف گامزن ہے اوراسے اسی برس مکمل کرنے کا عہد کر رکھا ہے، آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں مستحکم کرنے کا مرحلہ اہم ہے جس میں ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لئے وسائل کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے۔
امریکہ کی جانب سے ایف 16 طیاروں کی خریداری کا عمل روکے جانے پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان ایف 16 طیاروں کی فراہمی کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ