ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں 93 افراد ہلاک

ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 93 افراد ہلاک جب کہ لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 93 افراد ہلاک جب کہ لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ نے  ہندوستان کی کئی ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ملک بھر میں صرف آسمانی بجلی گرنے سے 33 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

آندھراپردیش کی حکومت نے آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 23 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، یہ اموات نالور، پرکاسم، گنتور، کرشنا، مشرقی گوداوری، اننت پور اور سریکاکولم اضلاع میں ہوئیں۔ ریاست کے وزیراعلی چندر بابو نائیڈو نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 4،4 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ آندھرا پردیش سے ملحقہ ریاست اڑیسہ میں بھی آسمانی بجلی سے کم از کم 9 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں طوفانی بارشوں کےنتیجے میں دریائے برہم پترا اور اس سے نکلنے والی نہروں میں طغیانی کے نتیجے میں 18 اضلاع کے ایک ہزار 880 سے زائد دیہات کو نقصان پہنچا ہے، سیلابی پانی اپنے ساتھ ناصرف ہزاروں گھروں بلکہ سڑکوں، رابطہ پلوں اور بجلی کے ترسیل کے نظام کو بھی بہا کر لے گیا ہے۔ اس کے علاوہ حکام نے سیلاب سے 61 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔حکام کے مطابق سیلاب کی وجہ سے 20 اضلاع میں تقریباً 18 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف اضلاع میں قائم کیے جانے والے 277 ریلیف کیمپوں میں تقریباً 2 لاکھ افراد رہ رہے ہیں۔ آسام کے دھبری، موری اور درنگ کے اضلاع میں صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے امدادی کاموں میں مقامی انتظامیہ کی مدد کے لیے بھارتی فوج بھیج دی گئی ہے۔

News Code 1857966

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha