مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین انفارمیشن سینٹر کے حوالے سے آئرش مصنفہ اسٹیفنی چیس نے روزنامہ ’’دی آئرش نیوز‘‘ میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں معلومات تک غیر معمولی رسائی نے سیاست دانوں اور روایتی ذرائع ابلاغ کے لیے غزہ میں پیش آنے والے واقعات سے انکار کرنا مشکل بنا دیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بعض لوگوں کے تصور کے برعکس فلسطین کی حمایت کوئی عارضی فیشن یا معاشرے کے محدود حلقوں کی تحریک نہیں، بلکہ یہ معاشرے کے مختلف طبقات کا ایک گہرا ردعمل ہے۔
چیس نے فلسطین کی حمایت کرنے والی معروف ثقافتی شخصیات، مثلاً سیلی رونی اور میکلمور کا حوالہ دیا، جنہیں اپنے فلسطین نواز مؤقف کی وجہ سے پیشہ ورانہ اور سماجی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ اور امریکہ جیسے ممالک کی حکومتوں کی جانب سے فلسطین کے حامی کارکنوں پر مختلف الزامات عائد کرنے کی کوششیں دراصل اس تحریک کی طاقت سے ان کے خوف کی عکاسی کرتی ہیں۔
آئرش مصنفہ نے اپنے مضمون کے آخر میں خبردار کیا کہ آنے والی نسلیں ان لوگوں کا محاسبہ کریں گی جنہوں نے غزہ میں ہونے والے مظالم پر خاموشی اختیار کی۔
ان کے بقول، فلسطین کے ساتھ یکجہتی کی تحریک سیاسی اور ذرائع ابلاغ کی عائد کردہ حدود سے آگے بڑھ کر اپنا سفر جاری رکھے گی۔
آپ کا تبصرہ