مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹرحسن روحانی نے ہفتہ حکومت کی مناسبت سے تہران میں نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہراسی کے منصوبہ کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ اور دائمی طور پر دم نکلنے والا ہے۔
صدر حسن روحانی نے ملک کی سیاسی، اقتصادی اور خارجہ پالیسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر کنٹرول کیا ہے اور اندرونی سطح پر تمام پارٹیوں کے ساتھ اچھے روابط بر قرار کئے ہوئے ہے ہم نے ملک میں اقتصادی امن و ثبات قائم کرنے کے سلسلے میں اچھے اقدامات انجام دیئے ہیں حکومت مزاحمتی اقتصادی پالیسیوں پر کام کررہی ہے۔
صدر حسن روحانی نے دو سالہ اقتدار کے دوران مہنگائی پر کنٹرول کرنے اور ایٹمی معاملے کےحل کو اپنی حکومت کے اہم اقدامات قراردیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو سالوں میں حکومت اقتصادی رونق کو بڑھانے کے سلسلے میں اہم قدم اٹھائے گی۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ علاقہ میں جاری بحران اور دہشت گردی کے ملکوں کےاقتصاداور معاشی حالات پربرے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ایران بھی ان شرائط سے دوچار ہے۔ صدر نےکہا کہ آئندہ دو برسوں میں ملک میں اقتصادی حوالے سے امن و ثبات قائم ہوجائے گا اور ایرانی عوام اپنی زندگی میں اس کے اثرات کو محسوس کریں گے۔
صدر حسن روحانی نے علاقائی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کے باہمی تعلقات کو بہترین قراردیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی مذاکرات میں کامیابی کے بعد ایران ترجیحی بنیاد پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے انھوں نے کہا کہ ایک دو ملکوں کے علاوہ تمام ممالک جانتے ہیں کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے اور ایٹمی معاہدے کے بعد ایران کوخطرہ بنا کر پیش کرنے کے تمام منصوبے دم توڑ چکے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران تمام ہمسایہ ممالک اور پوری دنیا میں امن و صلح اور ثبات کا خواہاں ہے۔
صدر حسن روحانی نے یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کو امریکی و اسرائیلی مفادات کا حصہ قراردیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے یمن پر حملہ کرکے تاریخی غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور سعودی عرب کو اس غیر منصفانہ اور ظالمانہ جنگ میں کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے اور نہ ہی سعودی عرب اس جنگ میں اپنے اہداف تک پہنچ سکتا ہے کیونکہ یمنی عوام بہادر اور غیور عوام ہیں اور وہ اپنے ملک کا ہر صورت میں بھر پور دفاع کررہے ہیں اور کریں گے سعودی عرب کو یمن کے بچوں، عورتوں اور بےگناہ لوگوں کو قتل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ملےگا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اپنے دفاعی وسائل کی فراہمی میں کبھی بھی غفلت اور کوتاہی نہیں کرےگا ایران کے تمام دفاعی پروگرام اپنے منصوبوں کے مطابق جاری ہیں۔صدر حسن روحانی نے چین، روس اور ہندوستان کے ساتھ روابط کو فروغ دینے پر بھی تاکید کی۔
آپ کا تبصرہ