مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ طوفان الاقصی آپریشن کو تین سال گزر چکے ہیں؛ یہ وہ دن تھا جب قابضین کے سکیورٹی نظریے تباہ کر دیے گئے۔ اب نہ ڈیٹرنس باقی رہی ہے، نہ دھمکی اور نہ ہی حتمی فتح کا تصور۔ ہم اس مقدس آپریشن کے ہیروز اور شہدا، اس کے کمانڈروں سے لے کر مجاہدین اور عظیم فلسطینی قوم سب کو عزت و افتخار سے سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے عظیم عوام! آپ نے بھاری قیمت ادا کی، لیکن آپ کی کارکردگی عظیم تھی۔ آنے والی نسلیں آپ کو تاریخ اور عالمی حالات کا رخ بدلنے والے عظیم لوگوں کے طور پر یاد کریں گی؛ ایسے لوگوں کے طور پر جنہوں نے اس چھوٹے اور محصور جغرافیائی خطے میں امت کی عزت اور اس کے مقدسات کا دفاع کیا۔ یہ وہ خطہ ہے جس نے آزاد انسانوں کے ضمیر کو بیدار کیا اور ان تمام لوگوں کو بے نقاب کر دیا جنہوں نے قابضین کے ساتھ سمجھوتہ کیا۔
ابوعبیدہ نے کہا کہ 7 اکتوبر ایک شاہکار فوجی آپریشن تھا اور دوست و دشمن سب اس کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کی عظمت اور اس میں استعمال ہونے والی اسٹریٹجک فریب کاری کی ذہانت کا اعتراف کرتے ہیں۔ مزاحمتی فورسز نے اس آپریشن میں جدت کے لیے تمام مواقع سے فائدہ اٹھایا، جن میں نیتن یاہو کی خود پسندی اور دشمن کو کم تر سمجھنے کا ان کا غرور بھی شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اپنے حامیوں کو، خصوصاً ان لوگوں کو جنہوں نے اس راہ میں اپنا خون قربان کیا، کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
آپ کا تبصرہ