مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے ہم ابھی تک فلائی دبئی کے طیارے کے حادثے کے پس پردہ محرکات کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ معاون پائلٹ بنیاد پرست نظریاتی اثرات کا شکار تھا۔
رپورٹ کے مطابق، نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ واضح ہے کہ فلائی دبئی پرواز کا معاون پائلٹ خودکش تھا۔
غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے خوفزدہ ہو کر کہا ہے کہ یہ واقعہ دوبارہ پیش آسکتا ہے؛ کیونکہ ایسی نشانیاں موجود ہیں کہ ایران اور اس کے اتحادی انتخابات کے دوران ہمارے خلاف حملے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم چند دنوں میں یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ آیا معاون پائلٹ کا ایران سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ پائلٹوں کے انتخاب اور جانچ کے عمل میں ایک خامی اور نقص موجود ہے، جسے ہم دور کر رہے ہیں اور ایسے واقعات کے دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
نیتن یاہو کا یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب متحدہ عرب امارات میں صیہونی حکومت کے نمائندے نے کہا کہ ’’فلائی دبئی‘‘ کے واقعے کے پیچھے محرکات ابھی تک واضح نہیں ہوئے اور اس بارے میں نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس صیہونی عہدیدار نے مزید کہا کہ قابض حکومت کے وزیراعظم نے بدھ کے روز ’’فلائی دبئی‘‘ کے واقعے کے بعد متحدہ عرب امارات کے صدر سے گفتگو کی۔
یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی ہے جب متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (وام) نے اعلان کیا کہ ملک کی اٹارنی جنرل نے فلائی دبئی کے طیارے کے واقعے اور اس کے کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ سرگرمی سے تعلق کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے بدھ 30 ستمبر کو فلائی دبئی کی پرواز نمبر FZ1073، جو دبئی سے تل ابیب جا رہی تھی، کاک پٹ میں ایک سکیورٹی واقعہ پیش آنے کے بعد اپنا راستہ تبدیل کرنے اور سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوگئی تھی۔
آپ کا تبصرہ