مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو الگ الگ پیغامات میں مبارک باد پیش کی۔
شاہ سلمان کے نام اپنے پیغام میں صدر پزشکیان نے سعودی عرب کے قومی دن پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور مملکت سعودی عرب کے درمیان وسیع ثقافتی، اقتصادی اور سیاسی مشترکات دونوں مسلم ممالک کے درمیان دوستی کی مضبوط بنیاد ہیں اور ان سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
صدر پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ باہمی کوششوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات میں روز بروز مزید توسیع اور فروغ دیکھنے کو ملے گا۔
ایرانی صدر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے نام اپنے الگ پیغام میں بھی سعودی عرب کے قومی دن پر انہیں مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں اور موجودہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں برادرانہ تعاون میں مسلسل اضافہ ہوگا۔
آپ کا تبصرہ