11 مئی، 2026، 10:58 PM

اسرائیل کی شرکت پر یوروویژن بحران کا شکار، 5 یورپی ممالک کا بائیکاٹ

اسرائیل کی شرکت پر یوروویژن بحران کا شکار، 5 یورپی ممالک کا بائیکاٹ

یوروویژن 2026 میں اسرائیل کی شرکت برقرار رکھنے کے فیصلے کے خلاف آئرلینڈ، اسپین سمیت پانچ یورپی ممالک نے مقابلوں سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی انفارمیشن سینٹر نے بتایا ہے کہ موسیقی کے عالمی مقابلے یوروویژن 2026 اسرائیلی رژیم کی مسلسل شرکت کے باعث آغاز سے چند روز قبل ہی شدید بحران کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں یورپ بھر میں بائیکاٹ اور دستبرداری کی لہر دیکھنے میں آ رہی ہے۔

یوروویژن کے 70 ویں ایڈیشن کا انعقاد 12 سے 16 مئی تک ویانا میں ہونا ہے، تاہم یورپی یونین کی جانب سے اسرائیلی رژیم کو مقابلوں میں شامل رکھنے کے فیصلے نے کئی یورپی ممالک میں شدید احتجاج کو جنم دیا ہے۔

اسی تناظر میں آئرلینڈ، اسپین، سلووینیا، نیدرلینڈز اور آئس لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوروویژن 2026 میں شرکت نہیں کریں گے۔ یورپی ذرائع ابلاغ نے اس اقدام کو 1970 کی دہائی کے بعد یوروویژن کے خلاف سب سے بڑا بائیکاٹ قرار دیا ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب یورپی یونین کی جنرل اسمبلی نے اسرائیلی رژیم کو مقابلوں سے نکالنے کے لیے علیحدہ ووٹنگ کرانے کی مخالفت کی اور صرف کچھ نئے قواعد منظور کیے جن کا مقصد ووٹنگ میں حکومتی مداخلت اور منظم تشہیری مہمات کو محدود کرنا تھا۔

یورپی براڈکاسٹنگ یونین نے اعلان کیا کہ اکثریتی اراکین نے اسرائیل کی شرکت کے معاملے پر دوبارہ ووٹنگ کی ضرورت محسوس نہیں کی اور مقابلے طے شدہ پروگرام کے مطابق منعقد ہوں گے۔

اس دوران اسپین کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی وژن ادارے نے واضح کیا کہ اس کا فیصلہ حتمی ہے اور وہ یوروویژن کے سیمی فائنل اور فائنل دونوں کا بائیکاٹ کرے گا۔

دوسری جانب ایک ہزار سے زائد یورپی فنکاروں اور ثقافتی کارکنوں نے ایک کھلے خط پر دستخط کرتے ہوئے اسرائیلی رژیم کو یوروویژن سے خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ کے بعد روس کو مقابلوں سے نکال دیا گیا، لیکن اسرائیل کو شامل رکھنا واضح دوہرا معیار ہے۔

اس مہم کی حمایت معروف فنکار برائن اینو اور میکلمور سمیت متعدد بین الاقوامی شخصیات نے بھی کی ہے۔

ترکی سے یوروویژن جیتنے والی سابق گلوکارہ سرتاب ارنر نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی سرکاری دعوت مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی سیاسی کشیدگی کے باعث وہ اس تقریب کا حصہ نہیں بن سکتیں۔

News ID 1939243

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha