مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے ایک نئی ویڈیو جاری کرتے ہوئے غزہ میں موجود صہیونی فوجیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مرنے سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو فوری طور پر ہتھیار زمین پر رکھیں، ہاتھ بلند کریں اور فلسطینی مجاہدین کے احکامات کی پیروی کریں۔
القسام بریگیڈز کے فوجی اطلاعاتی مرکز کی جانب سے جاری کردہ اس ویڈیو میں صہیونی فوجیوں کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کی مضبوط گرفت سے تم نہیں بچ سکوگے۔ اگر اپنی زندگی عزیز ہے تو لڑائی سے کنارہ کشی اختیار کرو، ہتھیار چھوڑ دو اور ہاتھ بلند کرو۔
ویڈیو کے اختتام پر قابض صہیونی فوجیوں کو واضح پیغام دیا گیا کہ قتل سے بہتر ہے اسیر ہو جاؤ! اگر تم خود کو ہمارے حوالے کرتے ہو تو ہم وعدہ کرتے ہیں کہ قیدیوں کے تبادلے تک تمہاری جان کی حفاظت کریں گے۔
آپ کا تبصرہ