23 جون، 2025، 12:46 AM

صدر پزشکیان کی پاکستانی وزیر اعظم سے ٹیلیفونک گفتگو:

پرامن جوہری تنصیبات پر حملہ خطے کو جنگ میں دھکیلنے کی امریکی اور صہیونی سازش ہے

پرامن جوہری تنصیبات پر حملہ خطے کو جنگ میں دھکیلنے کی امریکی اور صہیونی سازش ہے

ایرانی صدر نے پاکستانی وزیر اعظم سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ امریکہ اور صہیونی حکومت نے ایرانی پرامن جوہری تنصیبات پر حملہ کرکے خطے میں جنگ کی آگ بھڑکانے کی مذموم کوشش کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے صدر پزشکیان نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے امریکی حمایت اور گرین سگنل کے ساتھ ایران پر حملہ کیا ہے۔ امریکہ اسرائیل کے ذریعے خطے کو غیر مستحکم کر رہا ہے۔ مسلمانوں کو اختلاف و انتشار میں الجھانا، اسلامی ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنا اور تعمیر و ترقی کی جگہ ہتھیار اور بارود برآمد کرنا اس کی پالیسی کا حصہ ہے۔

انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جوہری مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں امریکا دعوی کرتا تھا کہ اس کا مقصد صرف ایران کے پرامن جوہری پروگرام کا یقین حاصل کرنا ہے۔ ایران نے خلوص نیت کے ساتھ اس بات چیت میں شرکت کی، مگر وقت گزرنے کے ساتھ امریکا کا اصل چہرہ سامنے آیا اور واضح ہوگیا کہ واشنگٹن اسرائیل کے ساتھ مل کر منظم انداز میں ایران کے خلاف سازش کررہا ہے۔

صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران کسی صورت جنگ کا خواہاں نہیں۔ یہ اسرائیل ہے جو اپنی جارحیت کے ذریعے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

ایرانی صدر نے اسلامی ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک دوست، برادر اور ہم خیال ملک سمجھتے ہیں۔ 

انہوں نے پاکستانی وزیرِ اعظم کی ایران سے ہمدردی اور خیرسگالی کو سراہا اور کہا: "ہم پاکستان کے ایران کے حق میں مضبوط اور قاطع موقف پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ہم پر اعتماد ہیں کہ پاکستان ہماری حمایت میں ساتھ دے گا۔

وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے اس موقع پر ایرانی حکومت اور عوام سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک نہایت سخت اور نازک دور سے گزر رہے ہیں، اور ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکہ کے غیر قانونی حملے نے ہمیں گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کی استقامت اور مزاحمت قابلِ تحسین ہے۔ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ بین الاقوامی معاہدوں اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر سفارت کاری اور مذاکرات کو ترجیح دیتا آیا ہے۔ 

شہباز شریف نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ایرانی قوم کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بھی پاکستان نے اسرائیلی حملوں کی شدید مخالفت کی، انہیں غیر قانونی اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے خلاف قرار دیا۔

News ID 1933797

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha