مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام کے پرامن ہونے پر تمام فریقوں کو ضمانت دینے کے لیے تیار ہے۔
قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ ہم اپنے جوہری پروگرام کی پُرامن مقاصد کے لئے استعمال پر تمام فریقوں کو یقین دہانی کرانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مغربی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیلی جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر تمام ممالک کو عمل کرنا چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے خلاف اسرائیلی دھمکیاں جرم ہیں۔
عراقچی نے امریکی تجاویز کے بارے میں کہا کہ اگر تجاوزیز اور مطالبات غیر حقیقی ہوں اور دوسرا فریق ایران کو جوہری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش کرے تو کوئی معاہدہ ممکن نہیں۔
انہوں نے عالمی جوہری ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے مغربی دباؤ کے سامنے مزاحمت کرے۔
عراقچی نے غزہ کی ابتر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور مصر فوری اور پائیدار جنگ بندی کے خواہاں ہیں۔
ایران و مصر کے باہمی تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہماری ترجیح ہے۔
اس موقع پر مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات میں پیشرفت ہوئی ہے جو پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ ہم ایران کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کو امن و خوشحالی کے لیے استعمال کریں گے۔
آپ کا تبصرہ