مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایران اور مصر کے وزرائے نے جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ کے ساتھ مشترکہ نشست میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نےکہا کہ انہوں نے قاہرہ میں ایرانی اور مصری وزرائے خارجہ کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قاہرہ میں مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ بروقت ملاقات ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی چیلنجز کے پُرامن اور سفارتی حل کی حمایت میں مصر کے تعمیری کردار کے لیے شکر گزار ہوں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے مصری ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم اپنے جوہری پروگرام کی پُرامن نوعیت پر تمام فریقوں کو ضمانت فراہم کرانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مغربی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ جوہری عدم پھیلاؤ کا معاہدہ تمام ممالک پر یکساں طور پر لاگو ہونا چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر ایران سے ہونے والے مطالبات غیرحقیقی ہوں اور ایران کو جوہری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی تو کوئی معاہدہ ممکن نہیں۔
آپ کا تبصرہ