مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے عالمی جوہری ایجنسی کے سربراہ سے ٹیلفونک گفتگو کے دوران ایران کے خلاف تین یورپی ممالک کے سیاسی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر یورپی ممالک نے ایران کے خلاف ایٹمی معاملے میں کوئی سیاسی اقدام کیا تو ایران اس پر مناسب اور مؤثر ردعمل دے گا اور اس کے نتائج کی ذمہ داری خود انہی ممالک پر عائد ہوگی۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تازہ ترین جوہری مذاکرات، پابندیوں کے خاتمے کے عمل اور آئی اے ای اے کی حالیہ رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے اس موقع پر زور دیا کہ ایران کی تمام جوہری سرگرمیاں عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت اور پوری شفافیت کے ساتھ انجام پارہی ہیں۔ ان سرگرمیوں میں کسی قسم کا انحراف یا خلاف ورزی نہیں پائی گئی۔
انہوں نے رفائل گروسی سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ ہفتے ہونے والے آئی اے ای اے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایران کے ساتھ جاری تعاون کو اجاگر کریں اور یورپی ممالک کو خبردار کریں کہ کسی بھی سیاسی اقدام کے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں۔
عراقچی نے واضح کیا کہ آئی اے ای اے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔ اگر بعض ممالک ایران کے خلاف اس ادارے کو ایک سیاسی آلہ بنائیں تو انہیں اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ