مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے اقوام متحدہ میں سفیر امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط میں وضاحت کی کہ ایران کا یمن کے بحران کے حوالے سے موقف ہمیشہ سیاسی حل کی حمایت پر مبنی رہا ہے۔ ایران نے 2015 میں شروع ہونے والے اس تنازعے کے آغاز سے ہی جامع جنگ بندی، مذاکرات، اور امن کے عمل کی حمایت کی ہے۔
ایروانی نے اپنے خط میں کہا کہ ایران بین الاقوامی شپنگ لائنز کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ایران پر بحیرہ احمر میں مداخلت کے الزامات بے بنیاد اور خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرنے کی ایک سازش ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ صیہونی حکومت ہے جو ہمیشہ اشتعال انگیز اور عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔ اسرائیل اپنے غیر قانونی اقدامات اور تخریبی سرگرمیوں کی ذمہ داری ایران پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ ایران ایک ذمہ دار رکن ملک کی حیثیت سے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرتا ہے اور کبھی بھی ایسے اقدامات میں ملوث نہیں رہا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہوں۔
آپ کا تبصرہ