مہر خبررساں ایجنسی نے العہد کے حوالے سے کہا ہے کہ حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے اپنے خطاب میں صہیونی حکومت اور مقاومت کے درمیان جاری جنگ کے بارے میں کہا ہے کہ دشمن کو بیروت پر حملوں کی مزید اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہید ہاشم صفی الدین کے چہلم کو ایک ہفتہ سے زیادہ عرصہ گزرا ہے۔ وہ ایک ہوشیار اور مدبر لیڈر تھے جو راہ خدا میں ہمارے ہم سفر تھے۔ شہید صفی الدین شہید حسن نصر اللہ کے دست راست تھے۔ ان کی شہادت کے بعد بھی ان کا راستہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہید محمد عفیف النابلسی نے مقاومت کی راہ میں اپنی جان قربان کردی۔ انہوں نے میڈیا کے محاذ پر صہیونی پروپیگنڈے کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ صہیونی حکومت نے اپنے حملوں کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ ہم بھی دشمن کو تل ابیب مرکز میں جواب دیں گے۔ ہم نے جنگ بندی کی تجویز پر مثبت جواب دیا لیکن جواب میں ہمارے لیڈر کو شہید کردیا۔ حزب اللہ تھوڑی دیر کے لئے لرز گئی تاہم تنظیم نے جلد اپنے آپ کو سنبھال لیا۔ ہمارے پاس افرادی قوت کی کمی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جنگ بندی کی تجویز موصول ہوچکی ہے۔ ہم نے تفصیلات کا مطالعہ کرنے کے بعد اپنا جواب دیا ہے لیکن اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم طویل جنگ کے لیے آمادہ ہیں۔ ہم جنگ کے ساتھ مذاکرات بھی جاری رکھیں گے۔ ہم فتح حاصل کریں گے یا شہادت کے درجے پر فائز ہوں گے تاہم ذلت کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے جنگ سے متاثرہ لبنانی بے گھر لوگوں سے کہا کہ حزب اللہ اپنی توانائی کے مطابق ان کی مدد کرے گی۔
آپ کا تبصرہ