مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ آرمی چیف کا ایرانی افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جنرل عاصم منیر نے ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار افسوس کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 19 مئی کو ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر، وزیرخارجہ اور دیگر حکام کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں سمیت دیگر کے انتقال سے ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی صدر اور وزیرخارجہ پاکستان کے سچے دوست تھے، پاک فوج کے تمام رینکس شہیدوں کے ایصال ثواب کیلئے دعاگو ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے سوگوار خاندانوں کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا، جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور ایران کی افواج ہرموقع پر ایک ساتھ کھڑی ہیں۔
ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے دکھ کی گھڑی میں ساتھ دینے پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا، ایرانی جنرل نے دونوں افواج کے درمیان تعاون جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا۔
آپ کا تبصرہ