مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کی جانب سے جنوبی دمشق پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کی گئی ہے جس کے نتیجے میں سپاہ پاسداران انقلاب کے ایک فوجی مشیر کی شہادت ہوئی ہے۔
ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صیہونی دہشت گرد گروہ نے بین الاقوامی قوانین اور شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دمشق کے نواحی علاقے میں ایک رہائشی محلے پر میزائل حملہ کیا جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک فوجی مشیر شہید ہوگیا۔
دوسری طرف شام کے فوجی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ گولان سے جنوبی دمشق کے علاقوں کو نشانہ بنایا تاہم شامی فضائی دفاعی نظام کئی اسرائیلی میزائلوں کو مار گرانے میں کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی مشیران شام کی سرکاری دعوت پر اس ملک میں موجود ہیں جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی حکومت اور عوام کی مدد کرنے کے ساتھ اس ملک میں امن و سلامتی کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ