مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترکیہ کے پروفیسر خالص ایڈمر نے 37ویں اسلامی وحدت کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا: وحدت خدا کے حقیقی منصوبوں میں سے ایک منصوبہ ہے۔ اگر ہم اس کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اس کو خدائی رنگ دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان پیکر واحد کی طرح ہیں، ہمیں خدائے لم یزل و لایزال کے نام پر متحد ہونا ہوگا۔ آج شیطان کی کوشش ہے کہ مسلمانوں کے درمیان نفرت و انتشار اور فرقہ واریت کو ہوا دی جائے۔
پروفیسر خالص ایڈمر نے کہا کہ باہمی مکالمے اور مشترکات کی بنیاد پر گفتگو کے ذریعے ایک مرکزی نقطے پر اکٹھا ہوا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم مسلمان اپنے اختلافات کو بھلا کر اسلامی وحدت کے راستے پر گامزن ہوں گے۔
خالص ایڈمر نے اسلامی اقدار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان قدروں سے وفادار رہنا چایئے، اسلامی معاشروں میں آج بھی ایسے لوگ پائے جاتے ہیں جن کے قول و فعل میں مطابقت پائی جاتی ہے، لہذا عالم اسلام کو ان افراد سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
آپ کا تبصرہ