مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے جمعہ کی شام اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کے ساتھ سویڈن میں قرآن کریم کی توہین کے تکرار پر تبادلہ خیال کیا۔
اس ٹیلی فونک ملاقات میں ہمارے ملک کے وزیر خارجہ نے سویڈن میں حالیہ توہین آمیز اور اشتعال انگیز اقدام پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ اس توہین آمیز اقدام کے جواب میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا ہنگامی اجلاس جلد از جلد بلایا جائے تاکہ اس اہم مسئلے کو حل کیا جا سکے۔
امیر عبداللہیان نے کہا کہ اگر سویڈن کی حکومت نے فوری طور پر موثر اقدام نہ کیا تو اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ سویڈن کو قرآن کریم کی توہین پر مربوط انداز میں سخت جواب دیں۔
مذکورہ ٹیلی فونک ملاقات میں اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل نے اس توہین آمیز فعل کی مذمت کرتے ہوئے اس سلسلے میں کئے جانے والے رابطوں اور اقدامات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اس تناظر میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کو ایجنڈے میں شامل کرنے کا وعدہ کیا اور رکن ممالک کی مشاورت سے اس بارے میں بات چیت کا عندیہ دیا۔
فریقین نے اسلامی ممالک کی طرف سے اس طرح کے توہین آمیز اقدامات کے اعادہ کو روکنے کے لیے فیصلہ کن موقف اور مربوط اقدام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آپ کا تبصرہ