مہر خبررساں ایجنسی نے روسیا الیوم کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صہیونی وزیراعظم نتن یاہو کے قافلے کو مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے میں حادثہ پیش آیا تاہم نتن یاہو کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
صہیونی اخبار یدیعوت آحارونوت کی رپورٹ کے مطابق حادثہ قدس کے علاقے سینما سٹی کے قریب پیش آیا، جہاں نتن یاہو کی سیکیورٹی ٹیم کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔ حادثے کے بعد قافلہ رک گیا تھا تاہم وزیراعظم مکمل طور پر محفوظ رہے۔
صہیونی ذرائع کا کہنا ہے کہ قافلے میں شامل ایک گاڑی کی موٹر سائیکل سے ٹکر ہوئی۔ نتن یاہو قافلے میں موجود تھے مگر اس مخصوص گاڑی سے دور تھے جسے حادثہ پیش آیا۔
یاد رہے کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں جب صہیونی حکومت کے اعلیٰ حکام ٹریفک حادثات کا شکار ہوئے ہوں۔ اپریل 2024 میں اسرائیلی وزیر تعلیم حاییم بیتون اور ان کے والد ایک شدید حادثے میں زخمی ہوئے تھے۔ اسی ماہ ایتمار بن گویر بھی حادثے کا شکار ہوکر اسپتال منتقل کیے گئے تھے۔
آپ کا تبصرہ